کابل: (دنیا نیوز) افغان امن عمل میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، عید کے بعد امن مذاکرات کے آغاز کی امید مزید روشن ہوگئی۔
افغان صدر اشرف غنی کے بعد طالبان نے بھی عید کے فوری بعد انٹرا افغان مذاکرات کے آغاز میں دلچسپی کا اظہار کردیا۔
طالبان ترجمان سہیل شاہین کا کہنا ہے کہ طالبان نیک نیتی کے اظہار کے لئے عید تک افغان حکومت کے تمام 1 ہزار قیدیوں کو رہا کردیں گے، انہوں نے افغان حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ،، طالبان کے 5ہزار قیدیوں کی رہائی کا عمل جلد مکمل کیا جائے تاکہ عید کے بعد امن مذاکرات کا آغاز ہوسکے۔
اس سے قبل افغان صدر اشرف غنی بھی ایک ہفتے میں امن مذاکرا ت کے آغاز کا عندیہ دے چکے ہیں۔
اب تک افغان حکومت طالبان کے 4 ہزار 400 قیدی رہا کر چکی ہے، جبکہ طالبان نے غنی حکومت کے 800 قیدی آزاد کئے ہیں، طالبان کے اعلان کے بعد افغانستان میں جمعہ سے 3روزہ جنگ بندی کا آغاز بھی ہوگا۔