الیکشن میں دھاندلی کی کوشش، نتائج کا فیصلہ سپریم کورٹ میں ہو سکتا ہے: ٹرمپ

Published On 24 September,2020 11:50 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدارتی انتخابات میں محاذآرائی بڑھنے لگی۔ صدر ٹرمپ نے کہا ہے دھاندلی کی کوشش ہو رہی ہے، الیکشن کا فیصلہ سپریم کورٹ میں ہو سکتا ہے۔

وائٹ ہاؤس میں نیوز کانفرنس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ نومبر کے انتخابات ہار گئے تو اقتدار کی پرامن منتقلی کا عہد نہیں کر سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ دیکھیں گے کہ کیا ہوتا ہے۔ پوسٹل ووٹنگ پر شک کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج کا فیصلہ سپریم کورٹ میں ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے چند روز قبل امریکی سپریم کورٹ کی مرنے والی جج روتھ بیڈر کی جگہ نئی جج کی تعیناتی کا اعلان کیا تھا، اب وہ صدارتی انتخاب کا معاملہ سپریم کورٹ میں لے جانا چاہتے ہیں۔

دوسری جانب ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے صدر ٹرمپ کی انتخابات سے قبل سپریم کورٹ جج کی تقرری کا منصوبہ، طاقت کا غلط استعمال قرار دیا تھا، انہوں نے امریکی شہریوں سے اپیل کی تھی کہ وہ اہل اقتدار تک اپنی آواز پہنچائیں کہ وہ طاقت کے ناجائز استعمال کا ساتھ نہیں دیں گے۔