سڈنی: (دنیا نیوز) آسٹریلوی ساحل تسمانیہ میں ریت میں پھنس جانے والی 270 وہیلز کو بچانے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، اب تک 90 سے زائد وہیلز ہلاک ہو چکی ہیں۔
وائلڈ لائف ماہرین کا کہنا ہے اس کام میں چند دن لگ سکتے ہیں، ریت میں پھنسی ہوئی 270 وہیلز میں سے ایک تہائی مچھلیوں کی موت ہونے کا خدشہ ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہیلز کو بچانے کے آپریشن میں لوگوں کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے تاہم جب تک انہیں مدد کیلئے بلایا نہیں جاتا وہ ساحل سے دور رہیں۔
ماہرین اس بات پر بھی تحقیق کر رہے ہیں کہ سمندری مخلوق کی اتنی بڑی تعداد کو ساحل کی طرف کس نے راغب کیا۔ اس سے پہلے 2009 میں بھی 200 وہیلز ساحل پر پھنس گئی تھیں۔
گزشتہ ستمبر میں میں جارجیا کے امریکی ساحل پر بھی وہیل مچھلیوں کا ایک گروپ پھنس گیا تھا جن کی تعداد 26 تھی، ان کو واپس پانی میں بھیجھنے کا آپریشن مکمل ہونے تک صرف 16 زندہ بچ سکی تھیں۔
اس سے قبل ایسا ہی واقعہ نومبر 2018 میں نیوزی لینڈ کے ایک دور دراز ساحل پر بھی پیش آیا تھا جہاں 145 وہیلز ہلاک ہو گئی تھیں۔