واشنگٹں: (دنیا نیوز) صدر ٹرمپ نے اس ہفتے کے آخر تک امریکی سپریم کورٹ کی مرنے والی جج روتھ بیڈر کی جگہ نئی جج کی تعیناتی کا اعلان کر دیا۔
اوہایو میں انتخابی ریلی سے خطاب میں امریکی صدر نے اپنے حمایتوں سے وعدہ کیا کہ خالی نشست پر ایک خاتون ہی کو مقرر کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق وائٹ ہاؤس میں دو خواتین جج صدر سے ملاقات کر چکی ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق مرنے والی جج کو ایک لبرل منصف سمجھا جاتا تھا جبکہ نئے جج کی تعیناتی سے صدر ٹرمپ سپریم کورٹ میں دائیں بازو کے ججز کی تعداد بڑھانا چاہتے ہیں۔
گزشتہ روز ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے صدر ٹرمپ کی انتخابات سے قبل سپریم کورٹ جج کی تقرری کا منصوبہ طاقت کا غلط استعمال قرار دیا تھا، انہوں نے صدر ٹرمپ کے اس اقدام پر سینیٹ ریپبلکن سے اپیل کی کہ وہ تصدیق میں تاخیر کریں۔ فلاڈیلفیا میں خطاب کرتے ہوئے جوبائیڈن نے کہا تھا کہ امریکی آئین شہریوں کو بھرپور موقع دیتا ہے کہ وہ اہل اقتدار کو اپنی آواز سنائیں، انہیں یہ واضح کر دینا چاہئے کہ وہ طاقت کے ناجائز استعمال کا ساتھ نہیں دیں گے۔
واضح رہے کہ امریکی سپریم کورٹ کی جج جنزبرگ چند روز قبل کینسر کے سبب 87 برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔ انہیں خواتین کے حقوق کیلئے آواز بلند کرنے کے حوالے سے جانا جاتا تھا۔