میکسیکو سٹی: (دنیا نیوز) میکسیکو میں مظاہرین نے دارالحکومت کی سڑکوں پر خیمے لگا لیے، لوگ صدر کے استعفے کا مطالبہ کرتے رہے۔
میکسیکو میں احتجاج میں شریک افراد نے صدر کو ملک میں بڑھتی ہوئی معاشی گراوٹ اور کورونا وائرس کی وبا کو روکنے کے لیے کئے گئے ناکافی اقدامات کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ حکومت مخالف مظاہرے میں سیکڑوں افراد سڑک پر ہی خیمے لگا کر بیٹھ گئے جس سے ٹریفک کی روانی میں خلل پڑ گیا۔
میکسیکو میں چند روز قبل خواتین کے مظٓاہرے بھی بڑے پیمانے پر جاری رہے، 8 ریاستوں تک پھیلے ان مظاہروں میں خواتین صنفی تشدد اور کورونا کے خلاف ناکافی اقدامات کے خلاف احتجاج میں شریک ہوئیں۔ ریاست چہواہوا میں خواتین مظاہرین بیریئر توڑتی ہوئی اس پلازے میں داخل ہو گئیں جس میں گورنر جیویئر کورال ایک میٹنگ میں مصروف تھے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس سے میکسیکو میں اب تک 73 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اتنی زیادہ تعداد میں ہلاکتوں اور ناکافی سہولیات نے عوام کو مشتعل کر دیا ہے۔