واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ٹرمپ نے ڈیموکریٹس پر دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے ڈاک ووٹوں پر ایک مرتبہ پھر اعتراض اٹھا دیا، دوسری جانب جوبائیڈن فتح کیلئے پراعتماد دکھائی دیتے ہیں، کہتے ہیں ہر ووٹ کی گنتی ہونی چاہئے۔
صدارتی انتخابات کے نتائج میں تاخیر، صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ قانونی ووٹ گنیں تو تاریخی کامیابی حاصل کرچکا ہوں، ہم سے دھوکے سے جیت چھینی جا رہی ہے۔ ملی بھگت سے دھاندلی کی جارہی ہے۔
انہون نے مخالف پارٹی پر دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ڈیموکریٹس نظام کو کرپٹ بنا رہے ہیں، میرے پاس دھاندلی کے ثبوت ہیں، صدر ٹرمپ نے الزام لگایا کہ ڈیموکریٹس نے ہمارے مبصر گنتی کے وقت باہر نکال دیئے، ابھی کچھ ریاستوں کے نتائج آنا باقی ہیں۔
دوسری جانب ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے ریاست ڈیلاویئر کے شہر ولنگٹن میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگ صبرکریں، کوئی شک نہیں ہم جیتیں گے۔ ہرووٹ مقدس ہے اور اس کی گنتی ہونی چاہیے۔
ادھر معروف امریکی سیاستدان برنی سینڈرز نے کہا کہ 2016 میں ٹرمپ جیت رہے تھے توالیکشن ٹھیک تھے، اب ٹرمپ کو شکست نظر آرہی ہے تو الیکشن فراڈ ہو گئے۔ ٹرمپ لوگوں کا جمہوریت پر یقین ختم کرنا چاہتے ہیں۔ ڈیمو کریٹ رہنما نے مزید کہا کہ یہ باتیں آمریت کی طرف دھکیلنے والی ہیں۔