واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا میں ہونے والے صدارتی الیکشن میں کامیابی کے پیش نظر جوزف بائیڈن کی سکیورٹی کے لیے سیکرٹ سروس نے اپنے مزید اہلکار ولمنگٹن بھیج دیئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا میں صدارتی انتخاب میں کامیابی کی صورت میں نامزد صدر کی سیکیورٹی موجودہ صدرکے برابرکردی جاتی ہے۔ جوبائیڈن کیلئے اضافی فضائی سیکیورٹی اقدامات بھی لاگو کر دیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ امریکا میں 3 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے اور اب صرف 5 ریاستوں پنسلوانیا، ایریزونا، جارجیا، نیواڈا اور الاسکا کے نتائج آنا باقی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کا ڈیموکریٹس پر دھاندلی کا الزام، جوبائیڈن فتح کیلئے پُراعتماد
ان پانچ میں سے چار ریاستوں میں بائیڈن کو پنسلوانیا، ایریزونا، جارجیا، نیواڈا میں برتری حاصل ہے جبکہ صرف الاسکا میں ڈونلڈ ٹرمپ کو بائیڈن پر کافی زیادہ برتری حاصل ہے تاہم اس ریاست کے الیکٹورل ووٹس صرف 3 ہیں لہٰذا اس سے بائیڈن کو زیادہ فرق نہیں پڑے گا۔
ان میں سے اگر پنسلوانیا میں ٹرمپ کو شکست ہوگئی تو پھر وہ عہدہ صدارت کی دوڑ سے باہر ہوجائیں گے کیوں کہ ان کیلئے 270 الیکٹورل ووٹس تک پہنچنا ناممکن ہوجائے گا۔ اب تک کے نتائج کے مطابق ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن 264 الیکٹورل ووٹس کے ساتھ آگے ہیں جبکہ ٹرمپ کو 214 الیکٹورل ووٹس حاصل ہوئے ہیں۔
امریکی صدارتی انتخاب میں نتائج کے آنے کا سلسلہ جاری ہے اور ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن کو برتری حاصل ہے۔
تاہم امریکی ریاست جارجیا میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا فیصلہ کیا گیا ہے کیوںکہ ٹرمپ اور بائیڈن کے حاصل کردہ ووٹوں کے درمیان فرق انتہائی معمولی ہے۔
جارجیا کےقانون کےمطابق اگر امیدواروں کے حاصل کردہ ووٹوں میں فرق 0.5 فیصد سے کم ہو تو کوئی بھی فریق ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ کرسکتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق بائیڈن کو فی الحال اس ریاست میں ٹرمپ پر 1500 ووٹوں کی برتری حاصل ہے جبکہ 4169 ووٹوں کی گنتی باقی ہے۔ اس کے علاوہ 8 ہزار ملٹری اہلکاروں کے ووٹ ڈاک کے ذریعے پہنچ رہے ہیں جنہیں گنا جائے گا۔