برطانوی وزیراعظم نے کورونا کا خطرہ منڈلانے پر خود کو پھر قرنطینہ کر لیا

Published On 16 November,2020 11:10 am

لندن: (دنیا نیوز) برطانوی وزیراعظم پر کورونا کا خطرہ پھر سے منڈلانے لگا، بورس جانسن نے خود کو پھر قرنطینہ کرلیا۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے یہ فیصلہ رکن پارلیمنٹ میں کورونا وائرس پائے جانے کی تصدیق کے بعد کیا۔ وزیراعظم نے متاثرہ رکن سے 35 منٹ کی ملاقات کی تھی تاہم ان میں ابھی تک وائرس کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔

بورس جانسن پہلے بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔ برطانوی طبی ماہرین نے لاک ڈاؤن پر مؤثر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں کرسمس تک صورت حال بگڑنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ اس وقت برطانیہ میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 13 لاکھ 69 ہزار 318 تک پہنچ چکی ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ برطانیہ کے قریبی ممالک فرانس اور جرمنی میں بھی کورونا وبا کے پھیلاو میں مزید اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جہاں کورونا متاثرین کی تعداد بالترتیب 19 لاکھ 81 ہزار 827 اور 8 لاکھ 2 ہزار 944 تک پہنچ گئی ہے۔
 

Advertisement