اقوام متحدہ: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گُوتیرش نے تمام لوگوں کی دسترس میں آنے والی کورونا وائرس ویکسین کی تیاری کی اقوام متحدہ کی زیر قیادت کوششوں کے لیے بین الاقوامی برادری سے مدد کی درخواست کی ہے۔
انہوں نے نیویارک میں واقع اقوام متحدہ کے صدر دفاتر میں ایک نیوز کانفرنس کی۔ یہ نیوز کانفرنس گروپ آف 20 معیشتوں کے سربراہی اجلاس سے قبل کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ کووڈ 19 ویکسینوں سے متعلق حالیہ بڑی پیشرفت امید کی کرن ہے لیکن یہ کہ اس کرن کو ہر کسی تک پہنچنے کی ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ کے سربراہ نے عالمی ادارہ صحت اور دیگر فریقوں کی زیرِ قیادت ایک بین الاقوامی اسکیم کا ذکر کیا جس کا مقصد کورونا وائرس کی ویکسینوں تک مساوی بنیادوں پر رسائی یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ اس سکیم کی مکمل حمایت کریں۔ بظاہر انکا اشارہ امریکا اور روس کی جانب تھا جو ابھی تک اس اسکیم میں شامل نہیں ہوئے ہیں۔