اقوام متحدہ: (اے پی پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے عالمی ادارے کے رکن تمام ملکوں سے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو معمول کے مطابق آگے بڑھائیں۔
اے پی پی کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترس نے جامع ایٹمی معاہدے کے تعلق سے قرارداد بائیس اکتیس پر عملدرآمد کے بارے میں دسویں رپورٹ پیش کی ہے۔
انہوں نے تمام ملکوں اور علاقائی نیز بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ جامع ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد کرتے ہوئے ایران کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی سرگرمیاں انجام دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ ایران کے ایٹمی مسئلے کے جامع، طویل المیعاد اور مناسب حل کا بہترین پروگرام ہے اور اس سے علاقائی اور عالمی امن و سلامتی میں بھی مدد ملے گی۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے ایٹمی معاہدے سے امریکہ کی خودسرانہ علیحدگی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے، جامع ایٹمی معاہدے کے تحت ہٹائی جانے والی پابندیاں واشنگٹن کی جانب سے دوبارہ عائد کیے جانے کو ایٹمی معاہدے اور سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس اکتیس کے منافی قرار دیا۔
ایٹمی معاہدے اور قرارداد بائیس اکتیس سے متعلق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی تازہ رپورٹ منگل کو سلامتی کونسل کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔