قطری امیر سعودی عرب پہنچ گئے، محمد بن سلمان نے استقبال کیا

Published On 05 January,2021 05:42 pm

ریاض: (دنیا نیوز) ساڑھے تین سال بعد قطر اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات بحال ہو گئے، قطر کے امیر سعودی فرمانروا کی دعوت پر سعودی عرب پہنچ گئے۔

امیر قطر خلیج تعاون کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لئے سعودی شہر العُلاپہنچے جہاں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے شیخ تمیم بن حمادآل ثانی کا استقبال کیا۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شیخ تمیم بن حمد کانفرنس میں قطری وفد کی سربراہی کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی اتحاد نے قطر کے ساتھ بری اور فضائی حدود کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

دوسری طرف جی سی سی سربراہ کانفرنس میں شرکت کے لیے کویت، عمان، بحرین اور اماراتی وفود سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ سعودی عرب کے ولی عہد و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کی سربراہی میں جی سی سی سربراہ کانفرنس کا آغاز ہوگیا ہے۔

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے خلیجی ممالک کے سربراہان کو خوش آمدید کہتے ہوئے العلا کانفرنس کو سلطان قابوس اور شیخ صباح کے نام سے موسوم کیا ہے۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ خطے کو ایران کے بیلسٹک میزائل اور نیوکلیئر پروگرام سے خطرہ ہے۔ ایران کی پراکسی وارز، دہشت گرد اور فرقہ وارانہ تنظیموں سے ایران خطے کو عدم استحکام سے دوچار کر رہا ہے۔ ان حالات میں عرب ممالک کا اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام عرب ممالک کو مستقبل کے چیلنجز اور خطرات کا مل کر مقابلہ کرنا ہو گا۔ عرب دنیا عالمی برادری سے مطالبہ کرتی ہے کہ ایران کے نیوکلیئر پروگرام کو روکا جائے اور خطے میں طاقت کے توازن میں عدم مساوات کو بہتر بنایا جائے۔

محمد بن سلمان نے کہا کہ العلا کانفرنس میں تمام عرب اور اسلامی ممالک ایک دوسرے کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، بھائی چارے کی فضا کو فروغ دینے اور عوام کے درمیان دوستی کے رشتے کو نئی جہت دینے کا اعلان کرتے ہیں۔

افتتاحی سیشن میں امیر کویت شیخ نواف نے بھی خطاب کرتے ہوئے خلیجی بحران کے خاتمے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ پہلے سیشن کے اختتام سے پہلے خلیجی ممالک کے سربراہان نے العلا اعلامیہ پر دستخط کیے ہیں۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس سے قبل ولی عہد و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے بحرین کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ کا العلا میں استقبال کیا۔

شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ جی سی سی کانفرنس میں بحرینی وفد کی صدارت کر رہے ہیں۔ اسی طرح عمان کے نائب وزیر اعظم فہد بن محمود آل سعید بھی العلا پہنچے ہیں جہاں وہ اپنے ملک کے وفد کی سربراہی کر رہے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کا وفد بھی العلا پہنچ چکا ہے جس کی قیادت نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کر رہے ہیں۔
 

Advertisement