جوبائیڈن کی حلف برداری تقریب میں ہنگاموں کا خطرہ، سخت ترین سکیورٹی تعینات

Published On 15 January,2021 02:09 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) نومنتخب امریکی صدر کی حلف برداری کی تقریب سے پہلے ہنگاموں کے خطرے کے پیش نظر امریکا میں حفاظتی انتظامات بڑھا دیئے گئے۔

نائب صدر مائیک پنس نے بھی کیپٹل ہل میں تعینات نیشنل گارڈز سے ملاقات کی۔ ایف بی آئی کی وارننگ کے بعد واشنگٹن میں ایمرجنسی کا لیول بڑھا دیا گیا ہے۔

امریکی دارالحکومت میں 20ہزار نیشنل گارڈز تعینات ہیں، ریاستی گورنرز اورمقامی ایوان نمائندگان کی سکیورٹی بھی سخت کردی گئی ہے، صدر کی تقریب حلف برداری 20 جنوری کو ہو گی۔

یاد رہے کہ 6 جنوری کو واشنگٹن میں ٹرمپ کے حامیوں نے کیپٹل ہل پر ہلہ بول دیا تھا جس کے دوران فائرنگ سے خاتون سمیت چار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ واقعے پر ٹرمپ کے خلاف امریکی ایوان نمائندگان نے گذشتہ روز مواخذے کی منظوری دیدی تھی۔