واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مواخذے پر بات کرنے سے گریزکرتے ہوئے کپٹل ہل میں ہونے والی تباہی کی مذمت کی ہے۔
صدر ٹرمپ نے جاری کردہ ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ کیپٹل ہل پر حملہ کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے، امریکی قوم قانون پر عمل کرنے والی ہے۔ انہوں نے اپنے حامیوں کو پرامن رہنے اور تشدد سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔ صدر کا مزید کہنا تھا عوام تناؤ کم کریں اور جذبات پر قابو میں رکھیں۔
واضح رہے کہ کیپٹل ہل ہنگامے کے بعد سے ٹرمپ انتہائی مشکل صورتحال سے دوچار ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ نے وائٹ ہاوس میں خود کو الگ تھلگ کر لیا ہے اور وہ خود ترسی کا شکار ہو چکےہیں۔ ان کو بغاوت پر اکسانے کے الزام پر مواخذے کا سامنا ہے۔ ایوان نمائندگان میں 232 ارکان نے فوری مواخذے کے حق میں ووٹ دئیے جن میں ٹرمپ کی پارٹی کے 10 ارکان بھی شامل ہیں، 197 ارکان نے قرارداد کی مخالفت کی ہے۔ امریکی ایوان نمائندگان سے منظوری کے بعد مواخذے کی قرارد سینیٹ میں بھیجی جائے گی۔