واشنگٹن : (دنیا نیوز) ڈیموکریٹس نے کانگریس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ہٹانے کے لئے دو قرار دادیں پیش کردیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 25 ویں آئینی ترمیم کی بحالی اور مواخذے کی کارروائی شروع کرنے کے لئے الگ الگ قرار داد متعارف کرا دی گئی۔
قرار داد میں کہا گیا ہے کہ امریکی نائب صدر مائیک پینس 25 ویں آئینی ترمیم کو فعال کرکے صدارت کا چارج خود سنبھالیں۔ ری پبلکن اراکین کانگریس نے قرار داد کی مخالفت کر دی۔
قرار داد کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بغاوت کے لئے اکسایا، کانگریس مواخذے کی تحریک پر رواں ہفتے ووٹ کرے گی۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرمپ کو ہٹانے کے لیے ہاؤس میں کل ووٹنگ ہو گی، قرارداد منظوری کی صورت میں نائب صدر کے پاس عمل کرنے کے لئے 24 گھنٹے ہونگے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق مائیک پینس نے انکار کیا تو کانگریس ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی کارروائی شروع کرے گی، ڈیموکریٹس نے بعد میں ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی قرارداد بھی متعارف کروائی۔