تیونس میں حکومت مخالف مظاہروں میں شدت، فورسز سے جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی

Published On 19 January,2021 03:36 pm

تیونس: (دنیا نیوز) تیونس میں حکومت مخالف مظاہرے دارلحکومت کے بعد کئی شہروں تک پھیل گئے، سکیورٹی فورسز نے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا جس کے دوران متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ کئی روز سے جاری احتجاج میں ایک ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

افریقی ملک تیونس میں بد ترین معاشی حالات کے خلاف مظاہرے، وبا کی وجہ سے لگے رات کے کرفیو کو توڑ کر نوجوان سڑکوں پر آگئے۔ پولیس نے انہیں منتشر کرنے کے لیے پانی کی توپ اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔ نوجوانوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

نوجوانوں کا احتجاج دارلحکومت کے علاوہ دیگر شہروں تک پھیل چکا ہے، سوسہ، بزرت، قسرین اور سلیانہ نامی شہروں میں سرکاری عمارتوں کی حفاظت کے لیے فوج طلب کر لی گئی۔ کئی روز سے جاری احتجاج میں ایک ہزار سے زائد افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔