فخر ہے دہائیوں میں پہلا صدر ہوں جس نے کوئی نئی جنگ شروع نہیں کی: ٹرمپ

Published On 20 January,2021 06:39 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) سبکدوش امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی فوج کو اپنے دور میں مضبوط بنایا۔مجھے فخر ہے کہ میں دہائیوں میں وہ پہلا صدر ہوں جس نے کوئی نئی جنگیں شروع نہیں کیں۔

 میری لینڈ کی جوائنٹ بیس آمد پر الوداعی خطاب سے قبل انہیں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

اس موقع پر سبکدوش امریکی صدر کا کہنا تھا کہ 4 سال بہترین تھے سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ہم امریکی عوام سے پیار کرتے ہیں، اپنے اہلخانہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، بہت کچھ سیکھا۔ میں نے مشکل اور سب سے سخت ترین لڑائیوں کا انتخاب کیا کیونکہ آپ نے مجھے اسی لیے منتخب کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ 4 سال کے دوران غیر معمولی چیزیں حاصل کیں، ہم نے نئی خلائی فورس بنائی، امریکی فوج کو اپنے دور میں مضبوط بنایا۔ اپنے سابق فوجیوں کا ہر طرح سے خیال رکھا۔ بڑی تعداد میں ملازمتیں پیدا کرنے میں کامیاب ہوئے۔ روایتی حکمران نہیں ہوں، بطورِ صدر عوام پر ٹیکس کا بوجھ کم کیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں بہترین اقدامات اٹھائے، اپنے دور میں بہت سی اصلاحات لیکر آئے۔ امریکا ایک گریٹ ملک ہے۔ کئی ایسے عظیم کام کیے جن کے لیے عوام مجھے یاد رکھے گی۔ آپ لوگوں کی ہمیشہ سپورٹ کرتا رہوں گا۔

اپنے آخری خطاب میں بھی انہوں نے کورونا وائرس کو چائنہ وائرس قرار دیدیا۔

اپنے الوداعی پیغام میں ٹرمپ نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اب ملک کو درپیش ’سب سے بڑا خطرہ‘ ہماری قومی عظمت سے اعتماد کا ضیاع ہے۔

وہاں پر موجود حامیوں کے لیے جہاز پر جانے سے پہلے ان کے آخری کلمات تھے کہ اچھی زندگی گزاریں، ہم آپ سے جلد دوبارہ ملیں گے۔

آخری خطاب کے بعد میری لینڈ سے فلوریڈا روانہ ہو گئے ہیں۔ اس موقع پر کارکنوں کی بڑی تعداد نے ’تھنک یو ٹرمپ‘ کے نعرے لگائے۔

سبکدوش امریکی صدر کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کا کہنا تھا کہ عوام کی محبتوں اور سپورٹ کی شکر گزار ہوں۔

Advertisement