سرینگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے گزشتہ تین سال کے دوران کشمیریوں کی نسل کشی میں تیزی لے آئی، اس دوران 850 کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے ریاستی دہشتگردی کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے گزشتہ تین سال کے دوران 850 کشمیریوں کو شہید کیا، شہید ہونے والوں میں 18 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ 55 نابالغ بچے بھی شامل ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 850 کشمیریوں کو 2018ء سے لیکر 2020ء کے دوران شہید کیا گیا، 61 نوجوانوں کو دوران حراست اور جعلی پولیس مقابلے میں شہید کیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس نے یہ رپورٹ بھارتی سرکار کی طرف سے حاصل کی ہے، جو گزشتہ روز لوک سبھا میں جمع کروائی گئی ہے۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تین سال کے دوران 750 لوگوں کو شہید کیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 61 خواتین کو بیوہ کیا گیا، 138 بچے یتیم ہوئے، 197 خواتین کے ساتھ قابض سکیورٹی فورسز نے نامناسب روّیہ رکھا۔