ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام احتیاط کریں ، مہلک وباء کے طوفان نے قوم کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔
v غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور آکسیجن گیس کی قلت سے طبی نظام مفلوج ہوکر رہ گیا ہے جس کے بعد برطانیہ نے 600 سے زائد وینٹی لیٹرز، آکسیجن کنسنٹریٹرز اور دیگر طبی آلات روانہ کیئے ہیں جب کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور سنگاپور نے آکسیجن سلنڈرز فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں کورونا کی نئی لہر میں یومیہ 3 لاکھ 60 ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو رہے ہیں جبکہ 3 ہزار کے لگ بھگ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ ہسپتالوں کے باہر مریضوں اور شمشان گھاٹ میں آخری رسومات کے لیے لواحقین کی قطاریں لگ گئی ہیں۔
بھارت میں کورونا کی اس ہلاکت خیز لہر کو کورونا سونامی سے تعبیر کیا جا رہا ہے اور اسیے وقت میں مودی کی منظر عام سے غائب ہونے اور ناقص کارکردگی پر کڑی تنقید کی جارہی ہے جس کے بعد وزیراعظم مودی ریڈیو پیغام ریکارڈ کرانے پر مجبور ہوئے ہیں۔
مودی نے قوم سے خطاب میں کہا کہ کورونا کی لہر نے طوفان کی صورت اختیار کرلی ہے جس نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ لاکھوں افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں اور ہزاروں ہلاک ہوچکے ہیں۔
بھارتی وزیراعظم نے شہریوں سے جلد از جلد ویکسین لگوانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ویکسین لگانے اور ایس اوپیز کی سختی سے پابندی کرکے ہی ہم اس وبا پر قابو پا سکتے ہیں اور یہ سب اتحاد اور اتفاق کے بغیر ممکن نہیں۔