ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ غزہ کا تنازع پورے خطے کو غلط سمت میں دھکیل دے گا۔ پر تشدد واقعات روکنے کے لیے تمام فریقوں پر دباؤ ڈالا جائے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے یہ بات فرانسیسی خبر رساں ادارے کو دیے گئے ایک اہم انٹرویو میں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ صورتحال یہی رہی تو پائیدار امن کی جانب راستہ زیادہ دشوار ہو جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ چیز لازمی ہے کہ سنجیدگی کے ساتھ مطلوبہ امور کی پاسداری کی جائے۔ ان میں سنجیدہ امن بات چیت میں شمولیت اختیار کرنا، پرتشدد کارروائیاں اور جارحیت روکنا اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غزہ تنازع کا حتمی تصفیہ ایک فلسطینی ریاست کے قیام کی صورت میں ہونا چاہیے جس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو۔
انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ عالمی برادری، اسلامی دنیا اور عرب ممالک اس بحران کے خاتمے کے لیے بہت قریب سے کام کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سلامتی کونسل میں غذہ کی صورتحال کے تناظر میں چوتھا ہنگامی اجلاس منعقد کیا گیا تھا۔ تاہم اجلاس کے دوران میں امریکا نے تشدد کے خاتمے کا مطالبہ کرنے کے حوالے سے اعلان جاری کرنے کو مسترد کر دیا۔