لاہور: (دنیا نیوز) فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف پنجاب اسمبلی نے متفقہ قرارداد منظور کر لی ہے۔ یہ قرارداد وزیر قانون راجہ بشارت نے پیش کی۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ فلسطین میں حالات کی خرابی کا ذمہ دار اسرائیل ہے۔ فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔ ہمیں اپنے مفادات سے بالاتر ہو کر عملی میدان میں آنا ہوگا۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پوری دنیا میں ایک ارب پینسٹھ کروڑ مسلمان بستے ہیں جو اتنی بڑی قوت ہیں کہ اگر ایک ہو کر آوازبلند کریں تو دنیا میں ان کی بات سنی جائے گی۔
مذمتی قرارداد میں کہا گیا کہ غزہ پر حالیہ اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں خواتین اور بچوں کے بہیمانہ قتل کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ یہ ایوان مظلوم فلسطینی بھائیوں سے مکمل یکجہتی کااظہار کرتا ہے۔ ان حملوں کی آڑ میں اسرائیل کی توسیع پسندی کو مسترد کرتا ہے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ اسرائیل نے بین الاقوامی قوانین کے دھجیاں اڑاتے ہوئے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں نہتے مسلمانوں پر بدترین تشدد کیا۔ اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصیٰ سمیت مقدس مقامات کی بے حرمتی کی گئی۔ نہتے شہریوں پر حملہ کرکے اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب ہوا ہے۔
پنجاب اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ مقدس مقامات کی بے حرمتی بند، بے گناہ اور نہتے شہریوں پر حملے فوری روکے جائیں۔ عالمی برادری بھی اسرائیلی جارحیت رکوانے کے لئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ سلامتی کونسل قیام امن کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ پنجاب اسمبلی ایوان وفاقی حکومت سے سفارش کرتا ہے کہ اسرائیلی حملوں کی بربریت، مذمت اور حملے رکوانے کے لئے کردار ادا کرے۔ پاکستانی عوام کے جذبات، احساسات کو اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں تک پہنچایا جائے۔ مصیبت کی اس گھڑی میں فلسطینی عوام تنہا نہیں بلکہ پاکستانی عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔