فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم، پاکستان اور ترکی کا اقوام متحدہ جانے کا فیصلہ

Published On 17 May,2021 06:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فلسطینی عوام پر صہیونی مظالم کیخلاف پاکستان اور ترکی نے اقوام متحدہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاک ترک وزرائے خارجہ اقوام متحدہ میں فلسطین کیلئے بھرپور آواز اٹھائیں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ وہ آج اقوام متحدہ اجلاس میں شرکت کیلئے روانہ ہونگے۔ قومی اسمبلی کے اہم اجلاس میں غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہماری پہلی ذمہ داری فلسطین میں سیز فائر کرانا ہے۔ سلامتی کونسل اور او آئی سی میں پاکستان کے تاریخی موقف پر رجحان بڑا واضح دکھائی دے رہا تھا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے فلسطین میں جارحیت کی مذمت کی ہے۔ گزشتہ روز 16 مئی کو فلسطین کے حوالے سے دو اہم اجلاس منعقد کیے گئے تھے۔ ان میں سے ایک او آئی سی ایگزیکٹو کمیٹی فارن منسٹر کا اجلاس جبکہ دوسرا اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کا اجلاس تھا۔ سیکیورٹی کونسل اجلاس کو چین کے وزیر خارجہ نے چیئر کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں یہاں چین کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ چین نے سلامتی کونسل کو یکجا کرنے کی کوشش کی۔ سلامتی کونسل کے تمام ممبران قائل ہو چکے تھے لیکن بدقسمتی سے امریکا نے ویٹو کرکے راستے میں رکاوٹ ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ ایوان سے وعدہ ہے کہ ہم مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ مانتا ہوں راستے کٹھن ہے، عالمی دنیا کا دہرا معیار ہے لیکن سچائی میں بڑا وزن ہوتا ہے۔
 

Advertisement