دھونس جمانے والی طاقتوں کو چینیوں کی آہنی دیوار پاش پاش کردیگی: شی جن پنگ

Published On 02 August,2021 10:31 am

بیجنگ: (روزنامہ دنیا)چینی صدر شی جن پنگ نے خبردار کیا ہے کہ چین پر دھونس جمانے والوں کا منہ توڑ دیا جائے گا، ایسی طاقتوں کو چینیوں کی آہنی دیوار پاش پاش کر دے گی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کمیونسٹ پارٹی کے قیام کی 100 ویں سالگرہ پر اپنے خطاب میں چینی صدر نے کہا کہ 19ویں اور 20 ویں صدیوں میں مغربی طاقتوں اور جاپان کی محکومی کے بعد کمیونسٹ پارٹی نے چین کی عظمت بحال کی، گزشتہ چند عشروں کے دوران دنیا کی دوسری بڑی معاشی طاقت بنا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کسی غیر ملکی طاقت کو دھونس جمانے ، دبانے یا غلام بنانے کی اجازت نہیں دیں گے ، اگر کسی نے ایسا کرنے کی کوشش کی تو ایک ارب 40 کروڑ چینیوں کی آہنی دیوار ان کو پاش پاش کر دیگی۔ انہوں نے ہانگ ہانگ میں نظم ونسق بحال کرنے کا اعلان کیا،کیمونسٹ پارٹی کی جانب سے تائیوان کو چین کے زیر تسلط لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہاکہ پارٹی کا فوج پر مکمل کنٹرول برقرار رہے گا، قومی خودمختاری، سلامتی اور ترقی کے مفادات کیلئے چینی فوج کی صلاحیتوں کو مزید نکھار کر اسے عالمی معیار کی ملٹری بنایا جائے گا۔ چینی نیوز ایجنسی کے مطابق تقریب میں 70 ہزار سے زائد افراد شریک ہوئے ۔
 

Advertisement