کابل: (دنیا نیوز) افغان طالبان کے اعلی وفد نے چینی حکام سے ملاقاتیں کی ہیں جن کے دوران افغان امن عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
افغان طالبان کے ترجمان ڈاکٹر محمد نعیم کے مطابق ملا برادر کی سربراہی میں طالبان وفد نے چینی وزیرِ خارجہ وانگ ژئی، نائب وزیر خارجہ اور چین کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں، طالبان کے 9 رکنی وفد نے چینی حکام سے سیاسی، معاشی اور افغانستان کی موجودہ صورت حال اور امن عمل پر تبادلہ خیال کیا۔ طالبان ترجمان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ چین کی دعوت پر کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ طالبان وفود نے اپنے ہمسایہ ممالک پاکستان، ایران، چین کے علاوہ روس کے بھی دورے کئے ہیں جہاں افغان امن عمل سے متعلق مذاکرات مذاکرات کئے گئے تاہم تاحال کسی حتمی نتیجے تک نہیں پہنچ سکے۔