ماسکو: (دنیا نیوز) روس میں کورونا سے بڑھتی اموات کے باعث صدر پیوٹن نے ہفتے بھر کے لیے سرکاری دفاتر بند کرنے کی منظوری دیدی، دنیا بھر میں مہلک وائرس سے مزید 7 ہزار 4 سو 94 افراد لقمہ اجل بن گئے، مرنے والوں کی مجموعی تعداد 49 لاکھ 38 ہزار تک پہنچ گئی۔
دنیا میں اب بھی کورونا کے وار جاری ہیں، روس، امریکا، بھارت، برازیل اور میکسیکو میں مہلک وائرس سے ہلاکتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ روس میں گزشہ روز کورونا سے ریکارڈ 1028 ہلاکتیں ہوئیں۔ صدر پیوٹن نے اپنے خطاب میں کہا کہ 30 اکتوبر سے 7 نومبر تک سرکاری ملازم کام پر نہیں جائیں گے، ملازمین کو ان دنوں کی تنخواہ دی جائے گی۔ روس میں کئی ہفتوں سے کرونا وائرس کے باعث ہونے والی اموات میں تواتر سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
امریکا میں گذشتہ روز 2 ہزار 5 افراد کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہوئے، مزید 80 ہزار 425 افراد وبا کی لپیٹ میں آ گئے۔ امریکا بھر میں کوویڈ 19 سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 52 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔
بھارت میں بھی کورونا کے وار جاری ہیں، ایک ہی روز میں 160 افراد جان سے گئے، چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 18 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔ مرنے والوں کی مجموعی تعداد چار لاکھ 52 ہزار سے بڑھ چکی ہیں۔
یوکرائن میں مزید 495، میکسیکو میں 446، برازیل میں 401 افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہو گئے۔