واشنگٹن:(دنیا نیوز)سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان میں بگرام ایئر بیس چین اپنی تحویل میں لینےوالا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ کے سابق صدر نے اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ چین افغانستان کی بگرام ایئربیس کو اپنی تحویل میں لینے جارہا ہے جبکہ چین سے نزدیک ہونے کی بنیاد پر بگرام ایئر بیس امریکہ کو اپنے قبضےمیں رکھنی چاہیے تھی۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ بگرام ایئر بیس چین کی ایٹمی تنصیبات سے ایک گھنٹے کی دوری پر ہے، جو بائیڈن نے افغانستان سے انخلا کے بجائے سرنڈر کیا، معلوم نہیں افغانستان میں ہونے والی شرمندگی کے نفسیاتی اثرات سے امریکہ کبھی نکل پائے گا۔
سابق امریکی صدر نے کہا کہ حکومت جان بوجھ کر افغانستان کے موضوع پر مزید بات نہیں کررہی، جوبائیڈن نے عوام کے انخلا سے قبل فوجی نکال لئے ، فوجی جنرل بھی برابر کے ذمہ دار ہیں کیونکہ وہ اس تباہی سے روک سکتے تھے۔