واشنگٹن: (دنیا نیوز) کورونا نے امریکا اور یورپ میں خطرے کی گھنٹی بجادی، امریکا میں ایک ہی روز تین لاکھ تیرہ ہزار افراد وائرس سے متاثر اور دو ہزار کے قریب مریض ہلاک ہو گئے۔
کورونا دنیا بھر کے انسانوں میں موت بانٹنے لگا،اب تک 28 کروڑ 32 لاکھ 9 ہزار 339 افرادکورونا سے متاثر ہو چکے ہیں ۔ دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 54 لاکھ 30 ہزار 731 ہوگئی تاہم 25 کروڑ 18 لاکھ 6 ہزار 489 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
یورپ میں بھی کورونا کی تباہ کاریاں جاری ہیں، فرانس میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ ایک لاکھ اسی ہزار کیسز رپورٹ ہوئے، برطانیہ ایک لاکھ انتیس ہزار، سپین ننانوے ہزار، اور اٹلی میں اٹھتر ہزار سے زائد مریضوں کا اضافہ ہوا ہے۔
جرمنی میں 31 ہزار کے قریب، یونان 21 ہزار 657 اور ڈنمارک میں مزید 12 ہزار 330 افراد گذشتہ روز کورونا سے متاثر ہوئے۔ کینیڈا میں بھی کورونا کی صورتحال خراب ہے جہاں 27 ہزار سے زائد نئے مریضوں کا اضافہ ہوا ہے۔ آسٹریلیا میں 11 ہزار 267 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
ایشیائی ممالک میں بھی کورونا کا پھیلاو بڑھنے لگا، ویت نام میں 14 ہزار 440 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ بھارت میں 8 ہزار 376، ترکی میں 32 ہزار 176، تھائی لینڈ 2 ہزار اور ملائشیا میں 2 ہزار 897 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔