ریاض: (ویب ڈیسک) کورونا کی نئی ویرینٹ اومی کرون کے تیزی سے پھیلاؤ کے سبب حرمین سمیت سعودی عرب میں نئی پابندیوں کے نفاذ کا اعلان کردیا گیا ہے۔
سعودی عرب کی وزارتِ داخلہ نے بتایا کہ دنیا بھر میں کووِڈ-19 کے کیسوں میں اضافے کے پیش نظر جمعرات سے مملکت میں بیرونی تقریبات سمیت عوامی مقامات پرلازمی ماسک پہننے کی پابندی دوبارہ نافذ کی جارہی ہے۔ ان پابندیوں کا اطلاق مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ پر ہو گا اور نمازیوں کو نماز کے ساتھ ساتھ طواف میں بھی سماجی فاصلہ اختیار کرنا ہو گا۔
News: Social Distancing to resume from tomorrow at the Grand Mosques after the Kingdom of Saudi Arabia reimplement measures to fight the Covid-19 Pandemic pic.twitter.com/ig5lKoZwky
— (@HaramainInfo) December 29, 2021
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق 30 دسمبر 2021 کو صبح 7:00 بجے سے ماسک پہننے کی پابندی کا حکم نافذالعمل ہوگا۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ مطاف میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کیلئے پہلے کی طرح ٹریک بنائے جا رہے ہیں اور زمین پر نشانات کے سٹیکرز چسپاں کرنے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ نمازیوں کے درمیان ڈیڑھ میٹر کا فاصلہ قائم کرنے کے لیے مصلوں کی دوبارہ تقسیم بھی شروع کی جا چکی ہے اور اسٹیکر چسپاں کیے جارہے ہیں۔
نمازیوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی دوسروں کی صحت کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے نماز اور طواف کے دوران پابندیوں پر سختی سے عمل کریں۔
دریں اثناء عالمی ادارہ صحت (ڈبلیوایچ او) نے خبردار کیا ہے کہ کووِڈ-19 کے تیزی سے پھیلنے والے متغیّراومیکرون سے پیدا ہونے والا خطرہ اب بھی بہت زیادہ ہے۔
ڈبلیوایچ او نے کووِڈ 19 کے وبائی مرض سے متعلق ہفت وار اپ ڈیٹ میں کہا کہ مستقل شواہد سے پتاچلتا ہے کہ اومیکرون کے کیسوں میں ڈیلٹاشکل کے مقابلے میں دو سے تین دن میں دُگنا شرح سے اضافہ ہوتاہے اورمتعدد ممالک میں یومیہ کیسوں میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے۔
وزارت صحت نے بتایا ہے کہ سعودی عرب میں اس وقت کووِڈ-19 کے39 کیسوں کی حالت تشویش ناک ہیں اور وہ مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔