لاہور: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا سے 6 ہزار سے زائد اموات ہوئیں اور 15 لاکھ کیسز سامنے آ گئے، امریکا میں ایک روز میں چارلاکھ سے زائد کیسز، ایک ہزار چارسو اڑتیس افراد ہلاک ہو گئے، عالمی ادارہ صحت نے اومی کرون ویرینٹ کو نیا سونامی قرار دے دیا۔
اومی کرون ویرینٹ نے دنیا پر پھر پنجے گاڑنے شروع کر دیئے، امریکا، برطانیہ، فرانس ، روس، جرمنی اور پولینڈ میں ہلاکتوں میں اضافہ ہو گیا، کیسز دوبارہ لاکھوں میں پہنچ گئے۔
اومی کرون اور ڈیلٹا ویرینٹ مل کر کورونا کا نیا سونامی لا سکتے ہیں، عالمی ادارہ صحت نے خدشے کا اظہار کردیا۔ بیشترممالک نے بھی ہنگامی اقدامات شروع کر دیئے، حرمین شریفین میں ماسک اور سماجی فاصلے کی پابندی دوبارہ نافذ کر دی گئی۔
عرب امارات نے نئی ویکسین سائنو فارم کے بوسٹر شاٹ کی ہنگامی منظوری دے دی، کیوبا میں جنوری میں تمام آبادی کو بوسٹر شاٹ لگے گی۔ یونان نے بھی نئی سماجی پابندیاں لگادیں۔
خبرایجنسی کے مطابق امریکا میں گذشتہ ہفتے 71 ہزار 818 کورونا مریض ہسپتالوں میں داخل ہوئے، برطانیہ کے نظام صحت پر بھی دباؤ بڑھ گیا، ہسپتال پہنچنے والے اکثر مریضوں نے بوسٹرشاٹ نہیں لگوائیں۔