کیف: (روزنامہ دنیا) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ روس بہت شارٹ نوٹس پر یوکرین پر حملہ کر سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بلنکن کا کہنا تھا کہ وہ یقین سے نہیں کہہ سکتے ماسکو چاہتا کیا ہے۔ تاہم جب تک ہو سکا، سفارتکاری کا عمل جاری رکھیں گے۔ ایک روزہ دورے پر کیف پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اہل یوکرین مشکل دنوں کیلئے خود کو تیار کر لیں، روسی حملے کو روکنے کیلئے وہ سفارتی کوششیں کرتے رہیں گے۔
انہوں نے حملے کی صورت میں روس پر سخت پابندیاں عائد کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ رواں ہفتے روسی ہم منصب کے ساتھ ملاقات میں یوکرین کے بحران پر ماسکو کی تجاویز کا باضابطہ جواب نہیں دیں گے، جوابی تحریر دینے کی بجائے ان چیلنجز پر تشویش کا اظہار کریں گے جو کہ روس کی وجہ سے یورپی علاقے کی سکیورٹی کو درپیش ہیں۔