لاہور: (انٹرنیشنل ڈیسک) یوکرین اور روس کی سرحد کے قریب امریکی جاسوس طیارہ پرواز کرتے ہوئے پایا گیا جس کو تجزیہ نگار کشیدگی بڑھنے کا ممکنہ سبب قرار دے رہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی جاسوس بوئنگ جے سٹار طیارہ روسی سرحد کے انتہائی قریب پرواز کرتے ہوئے پایا گیا۔ یہ طیارہ ہدف کی نشاندہی کرنے اور میزائل کی رہنمائی کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ روس اور نیٹو کے درمیان کشیدگی کے ماحول میں امریکی طیارے کی پرواز کشیدگی کو بڑھاوا دینے کا باعث بن سکتی ہے۔
واضح رہے کہ یوکرینی سرحد کے قریب گذشتہ دنوں روسی افواج کی تعیناتی سے امریکہ اور روس کے مابین سفارتی محاذ پر خاصی کشیدگی دیکھنے میں آئی تھی تاہم بعد ازاں روس نے اپنی افواج کو واپس بلوا لیا تھا۔