پیغمبر اسلامﷺ کی حرمت سے متعلق روسی صدر کا بیان، وزیراعظم کا خیر مقدم

Published On 24 December,2021 08:03 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے پیغمبر اسلام ﷺ کی حرمت سے متعلق دیئے گئے بیان کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ توہین رسالت سے متعلق بیان میرے مؤقف کی تائید ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے لکھا کہ میں صدر پیوٹن کے اس بیان کا خیرمقدم کرتا ہوں جو میرے اس پیغام کی تصدیق کرتا ہے کہ ہمارے نبی پاک ﷺ کی توہین "آزادی اظہار" نہیں ہے۔ ہم مسلمانوں کو خصوصاً مسلم رہنماؤں کو اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کے لیے اس پیغام کو غیر مسلم دنیا کے رہنماؤں تک پہنچانا چاہیے۔

شاہ محمود قریشی:

 وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ٹویٹر پر روسی صدر کے بیان کا خیر مقدم کیا ۔ 

فضل الرحمان 

دوسری طرف امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے ٹویٹر پر لکھا کہ روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کا یہ بیان کہ نبی کریم ﷺ کی شان اقدس میں گستاخی اظہارِ رائےکی آزادی یا فن کا اظہار نہیں ہے، عالم اسلام کے اس موقف کی تائید ہے کہ حضور ﷺ کی حرمت و تقدس آفاقی ہے جس پر ہم انکو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

فواد چودھری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے مولانا فضل الرحمان کے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ کھلے دل کے ساتھ مسلم اُمّہ کے اس لیڈر کا بھی شکریہ ادا کریں جس نے نبی کریم ﷺ کی شان اقدس کی حرمت کا مدعا پوری دنیا کے سامنے رکھا اور آج روسی صدرولادی میر پیوٹن جیسے عالمی رہنما عمران خان کی ان کاوشوں کے نتیجے میں اس مسئلے پر دو ٹوک رائے دے رہے ہیں۔

شہزاد اکبر:

مشیر داخلہ شہزاد اکبر نے ٹویٹر پر لکھا کہ  بلا شبہ وزیراعظم عمران خان نے عالمی سطح پہ اسلاموفوبیا کے خلاف مقدمہ لڑا اور آج اس بات کے حق میں اٹھنے والی آواز عمران خان کی اپروچ پہ مہر تصدیق ثبت کر رہی ہے۔

زلفی بخاری

ڈاکٹر شہباز گل :

 

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے ٹویٹر پر لکھا کہ اللہ کا شکر ہے مسلمانوں کو ایک ایسا لیڈر ملا جس نے اسلاموفوبیا اور شان رسالت ﷺپر مدلل اور بے باک سٹینڈ لیا۔ ایک اور ملک کے لیڈر نے خان کو کہا آپ خوش قسمت ہیں کہ آپ جمہوری اور منتخب لیڈر ہیں اور بہادری سے اس موضوع پر کھڑے ہیں کیونکہ ہم اس موضوع پر اتنا کھل کر بات نہیں کر سکتے

 فرخ حبیب:

 وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ وزیراعظم عمران خان اسلام کے حقیقی سفیر اور پوری دنیا کے مسلمانوں کی آواز ہیں۔ صدر پیوتن ہمارے وزیر اعظم کے موقف کی پیروی کرتے ہیں۔

شیریں مزاری

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے ٹویٹر پر لکھا کہ دنیا بھر میں وزیراعظم عمران خان کی مسلسل کال کہ ہمارے نبی پاک ﷺ کی توہین "آزادی اظہار" نہیں ہے عالمی سطح پر گونج رہی ہے۔ روسی صدر پیوٹن کے پیغام کی تعریف کرنی چاہیے کیونکہ یہ اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کے لیے بہترین اقدام ہے۔

 پیغمبر اسلامﷺ کی توہین آزادی اظہار نہیں ہے: روسی صدر پیوٹن

 روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کا کہنا ہے کہ پیغمبر اسلامﷺ کی توہین کو آزادی کا اظہار نہیں کہا جا سکتا۔ 

روسی خبر رساں ادارے تاس کے مطابق سالانہ پریس کانفرنس میں روسی صدر کا کہنا تھا کہ پیغمبرﷺ کی توہین مذہبی آزادیوں کی خلاف ورزی ہے اور یہ ان لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچاتی ہے جو اسلام کے ماننے والے ہیں۔

روسی صدر نے ان ویب سائٹس پر بھی تنقید کی جن پر دوسری عالمی جنگ میں مرنے والے روسیوں اور نازیوں کی تصاویر پوسٹ کی جاتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسی حرکات انتہاپسندی میں اضافہ کرتی ہیں۔

انہوں نے پیرس میں چارلی ایبڈو میگزین کے ادارتی دفتر پر ہونے والے حملے کی مثال دیتے ہوئے کہا ایسی باتیں انتہا پسندانہ سوچ میں اضافہ کرتی ہیں۔

یاد رہے فرانسیسی میگزین چارلی ایبڈو نے چند سال قبل ایسے خاکے شائع کیے تھے جن پر مسلم ممالک کی جانب سے سخت ردعمل دیکھنے میں آیا۔

نیوز کانفرنس میں روسی صدر نے جمالیاتی آزادی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مجموعی طور پر تخلیقی آزادی کی حدود مقرر ہونی چاہییں اور ان میں کسی اور کی آزادیوں کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہیے۔ روس ایک کثیر النسلی اور کثیرالمذہبی ملک کے طور پر ابھرا ہے اس لیے روسی ایک دوسرے کی روایات کا احترام کرتے ہیں۔ لیکن کئی ممالک میں ایسا احترام کم ہی پایا جاتا ہے۔

Advertisement