اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے سیکرٹری جنرل سارک کیساتھ ملاقات کے دوران ایک مرتبہ پھر سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونے والے سری لنکن شہری کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پریانتھا کی موت پر دکھ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سیکرٹری جنرل سارک ایسالا روان ویراکون کیساتھ ملاقات ہوئی، ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی، تعلیم، غربت کے خاتمے کے معاملہ پر تعاون، توانائی کے انضمام اور صحت کے چیلنجز پر تعاون کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔
وزیراعظم نے سارک کے عمل کو مزید بہتر بنانے کے لیے سیکرٹری جنرل کی کوششوں کو سراہا جبکہ علاقائی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کیلئے حکومتی حمایت جاری رکھنے کا عزم کیا۔
عمران خان نے پاکستان میں سارک سربراہی اجلاس کی میزبانی کرنے کا عندیہ دیا اور سیکرٹری جنرل سارک نے متعلقہ امور پر راہنمائی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کی ہلاکت پر جس طرح ہوئی اس طرح کی کارروائیوں کا کوئی جواز نہیں تھا، قصورواروں کو کٹہرے میں لانے کے لیے تمام اقدامات اٹھائے گئے ہیں،
سیکرٹری جنرل سارک نے کہا کہ جنوبی ایشیائی ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے کوششیں تیز کریں گے۔