راولپنڈی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سانحہ سیالکوٹ نے ہمیں دنیا میں شرمندہ کیا۔ انتہا پسندی نے ہمارے ملک کی بنیادیں ہلادی ہیں، ملک کی دشمن انتہاپسندی اور دہشت گردی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی آرٹس کونسل میں مسیحی برادری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
تقریب سے خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ جیتتا وہی ہے جس کا یہ ایمان ہوتا ہے کہ اگر میں ڈھونڈوں گا تو پاؤں گا ،اگر میں دستک دوں گا تومیرے لیے درکھولا جائے گا۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا پیغام تعلیم و تبلیغ تھا، کرسمس کی خوشیوں میں شامل ہونا اللہ کا مجھ پر خاص کرم ہے، مسیحی برادری کی پاکستان کے لئے خدمات مسلم سے کم نہیں۔
شیخ رشید نے نئے سال پر مسیحی برادری کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ خدا وند کا کرم ہے کہ کرسمس کے موقع پرمسیحی برادری سے مخاطب ہوتا ہوں جتنی خدمات کرسچن برادری کی پاکستان کیلئے ہے کسی اور کی نہیں، عیسی علیہ السلام صرف مسیحیوں کہ نہیں بلکہ میرے بھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے واقعہ نے ہمیں دنیا میں شرمندہ کیا۔ دنیا 72 برس میں پہلی مرتبہ ہمیں انتہا پسند کی نظر سے دیکھ رہی ہے، انتہا پسندی نے ہمارے ملک کی بنیادیں ہلادی ہیں، ملک کی دشمن انتہاپسندی اور دہشت گردی ہے۔ دوسرے مذاہب کے لوگوں کیلئے ہمارے دل میں عزت نہیں ہوگی تو ہم انسان کہلانے کے لائق نہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں آپس کے بھائی چارے کی اشد ضرورت ہے آپ سب پاکستان کے وزیر داخلہ ہیں آج ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ راولپنڈی کے شہر کی بیٹی پڑھی لکھی ہے ہمیں کوئی نہیں ہرا سکتا۔ عمران خان ایک مذہبی ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں اور مذہبی ریاست مدینہ کا یہ لازمی جزو ہے کہ دوسرے مذاہب کے لوگوں کا بھی اتنا ہی احترام کیاجائے جتنا کہ ان کے اپنے مذہب کاکیا جاتا ہے۔ مسیحی محنت کش لوگ ہیں ،پاکستان میں کسی مسیحی کو مانگتے ہوئے نہیں دیکھا ۔