سیالکوٹ واقعے کے ملزمان کو پھانسی دینی چاہیے: علامہ طاہر اشرفی

Published On 10 December,2021 05:51 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی علامہ طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ واقعے کے ملزمان کو پھانسی دینی چاہیے۔

معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی علامہ طاہر اشرفی نے گورنر ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں توہین رسالت، توہین مذہب کا کوئی کیس درج نہیں ہوا، متحدہ علما بورڈ نے توہین رسالت، مذہب کے 25 کیسز حل کیے ہیں۔

طاہر اشرفی نے کہا کہ لوگوں کو اسلام کے بارے میں بتانے کے لیے رحمت اللعالمین اتھارٹی قائم کی، معاشرے کی تباہی میں ہم سب نے اپنا حصہ ڈالا ہے۔ سیالکوٹ واقعے کے ملزمان کو پھانسی دینی چاہیے، ریاست نے سیالکوٹ کیس کے معاملے پر اپنا فیصلہ دے دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پورے ملک میں جمعہ یوم مذمت کے طور پر منایا گیا، سانحہ سیالکوٹ پر پورے ملک میں اتفاق رائے پیدا ہوا ہے، کسی کے مذہب کے بارے میں فیصلہ کرنے والا کوئی کون ہوتا ہے، جو شخص الزام لگاتا ہے الزام غلط ثابت ہو تو اس آدمی پر وہی حد لاگو ہوتی ہے۔

 

Advertisement