لاہور:(دنیا نیوز) مسلم لیگ ق کے سربراہ اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کا سبب ہے، روسی صدر کا بیان مسلم امہ کی ترجمانی ہے۔
چودھری شجاعت حسین نے روسی صدر پیوٹن کو توہین رسالتﷺ کی دلیرانہ مذمت پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کیلئے حضور نبی اکرم ﷺ اپنی جان، مال اور اولاد سے بھی بڑھ کر عزیز ہیں، ان کی شان میں گستاخی سے سب سے زیادہ مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔
سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ دنیا جان چکی کسی بھی پیغمبر یا مذہب کی توہین آزادی اظہار رائے نہیں، جب سے صدر پیوٹن کو دیکھا ہے ان کی دبنگ شخصیت کا معترف ہوں، موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں ان کا دلیرانہ بیان خوشگوار ہوا کا جھونکا ہے۔