ماسکو:(دنیا نیوز) روسی افواج کو یوکرین میں پہلی بڑی کامیابی مل گئی اور روسی وزارت دفاع نے یوکرین کے شہر خیرسون پر قبضہ کرنے کا دعویٰ کردیا ہے۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق خیرسون شہر پر روسی افواج کا قبضہ ہے، یہ دعویٰ سچ ثابت ہوا تو یہ روس کے قبضے میں جانے والا اب تک کا سب سے بڑا شہر ہوگا، تاہم خیرسون کے میئر نے روسی دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں گلی گلی لڑائی جاری ہے۔
یوکرین کی وزارت دفاع سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک جنگ میں روس کے 5 ہزار 840 فوجی مارے جا چکے ہیں، یوکرینی افواج نے 30 روسی طیارے،31 ہیلی کاپٹرز بھی مار گرائے، 211 روسی ٹینک، 862 بکتر بند گاڑیاں، 85 آرٹلری سسٹم بھی تباہ ہوئے۔
یوکرین کے دوسرے بڑے شہر خارکیف میں شدید لڑائی جاری ہے، خارکیف کے مئیر کا کہنا ہے کہ روسی بمباری سے 21 افراد ہلاک، 112 زخمی ہوئے، شہر کا مکمل کنٹرول اب بھی یوکرینی حکام کے ہاتھ میں ہے۔