جدہ:(دنیا نیوز) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کے ایک عہدیدار کی طرف سے پیغمبر اسلامﷺ کی شان میں گستاخی کی شدید مذمت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
او آئی سی کے جنرل سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم نے کہا کہ یہ بھارت میں اسلام کے خلاف نفرت کے بڑھتے ہوئے سلسلہ خاص طور پر بھارت کی کئی ریاستوں میں تعلیمی اداروں میں حجاب کے استعمال پر پابندی کے فیصلوں، مسلمانوں کی املاک کو تباہ کرنے اور ان کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد سمیت بھارتی مسلمانوں کے خلاف منظم طرز عمل کا حصہ ہے۔
بھارتی حکام او آئی سے نے مطالبہ کیا کہ وہ ان توہین آمیز واقعات اور رسول اکرم ﷺ کی توہین کرنے والوں اور مسلمانوں کے خلاف تشدد کو بھڑکانے اور اس کا ارتکاب کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں اور ان میں ملوث افراد کا فیصلہ کن طور محاسبہ کریں۔
بیان میں بھارتی حکام سے یہ کہا گیا کہ وہ مسلمانوں کی حفاظت، سلامتی اور بہبود کو یقینی بنانے اور ان کے حقوق کے ساتھ ساتھ مذہبی اور ثقافتی شناخت، وقار اور عبادت گاہوں کا تحفظ کرے۔
او آئی سی کے جنرل سیکرٹریٹ نے بین الاقوامی برادری خاص طور پر اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت میں مسلمانوں کو نشانہ بنانے سے روکنے کے لئے ضروری اقدامات کریں۔