ٹرمپ کیخلاف غیر ملکی تحائف کی تفصیلات فراہم نہ کرنے پر تحقیقات کا آغاز

Published On 08 June,2022 01:20 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف غیر ملکی حکومتوں سے لئے گئے تحائف کی تفصیلات فراہم نہ کرنے پر تحقیقات کا آغازکر دیا گیا۔

سابق امریکی صدرکو بھی توشہ خانہ سکینڈل کا سامنا، ڈونلڈ ٹرمپ غیرملکی حکومتی شخصیات سے ملنے والے تحائف کی تفصیلات فراہم کرنے میں ناکام ہو گئے جس پر ایوان نمائندگان کی کمیٹی نے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

نگرانی کمیٹی کے سربراہ اور ڈیموکریٹ رکن کانگریس کیرولائن میلونی کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی بد انتظامی کی وجہ سے غیر ملکی تحائف کی تفصیلات محکمہ خارجہ کو نہیں ملیں، انہوں نے سوال اٹھایا کہ کہیں سابق صدر پر بیرونی حکومتیں اثر انداز تو نہیں ہوئیں جن سے خارجہ پالیسی مفادات خدشات کا شکار بنے ہوں۔

وفاقی قوانین کے مطابق امریکی محکمے اورایجنسیوں کے ملازمین 415 ڈالرسے زائد مالیت کے تحائف وصول کرنے پر محکمہ خارجہ کو مطلع کرنے کے پابند ہوتے ہیں۔