دوحہ: (دنیا نیوز)امریکی حکام کے اعلیٰ عہدیداروں نے قطر میں اہم افغان طالبان رہنماؤں سے ملاقات کی ہے۔
امریکی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری کی ہلاکت کے بعد اعلیٰ امریکی حکام نے طالبان سے پہلی ملاقات کی ہے۔
میڈیا کا دعویٰ ہے کہ بائیڈن انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے طالبان وفد سے قطر کے دارالحکومت دوحا میں ملاقات کی، رپورٹ کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر سی آئی اے اور امریکی محکمہ خارجہ کے حکام نے طالبان وفد سے دوحا میں ملاقات کی، طالبان حکومت کے انٹیلی جنس سربراہ عبدالحق واثق بھی ملاقات میں شریک تھے۔
امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حکام اور طالبان وفد کے درمیان ملاقات ہفتے کے روز دوحا میں ہوئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بیان میں کہا تھا کہ امریکا کو موجودہ افغان حکومت سے اچھے تعلقات قائم کرنے چاہیے، افغانستان میں طاقت کا استعمال کامیاب نہیں رہا۔
ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا امریکا خطے میں اپنے مفادات کے لئے استحکام چاہتا ہے تو اسے افغان حکومت سے مثبت تعلقات بنانے چاہئیں۔