متحدہ عرب امارات کا گولڈن اقامے کیلئے شعبوں کا دائرہ بڑھانے پر غور

Published On 21 December,2022 11:09 pm

دبئی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے گولڈن اقامے کا دائرہ بڑھاتے ہوئے اس میں مزید چھ نئے شعبوں کو شامل کرنے پر غور شروع کر دیا۔

جن نئے شعبوں کو گولڈن اقامے میں شامل کیا جا رہا ہے ان میں ممتاز سکالرز اور مذہبی رہنما بھی شامل ہوں گے، ایسے افراد کو مقامی حکام کی جانب سے سفارشی خط پیش کرنا ہو گا۔ صنعت اور چوتھے صنعتی انقلاب کے شعبوں کے منفرد ماہرین کو بھی گولڈن اقامے کیلئے منتخب کیا جائے گا۔ اس کیلئے بھی امیدواروں کو وزارت صنعت و ٹیکنالوجی کے حکام سے سفارشی خط پیش کرنا ہو گا۔

صحت نگہداشت کے ماہرین کو بھی گولڈن اقامہ حاصل کرنے والے نئے شعبے میں شامل کیا گیا ہے ایسے ماہرین کو وزارت صحت کا سفارشی خط جمع کرانا پڑے گا۔ شعبہ تعلیم کے ماہرین کو بھی گولڈن اقامہ حاصل کرنے کا موقع دیا جائے گا ان ماہرین کیلئے بھی وزارت تعلیم و تربیت کا موثر پرمٹ ہونا بھی ضروری ہے۔

اہم شعبوں کے منتخب خداداد صلاحیت کے حامل افراد کو بھی اب گولڈن اقامہ مل سکے گا، مگر اس کے کیلئے وہ وفاقی حکام یا ابوظبی کے متعلقہ حکام سے سفارشی خط جمع کرائیں گے۔ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے نمایاں افراد کو بھی گولڈن اقامہ ملے گا۔ انہیں امارات کونسل فار آرٹیفشل انٹیلی جنس یا مقامی متعلقہ حکام سے سفارشی خط جمع کرانا ہو گا۔

یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات کی کابینہ نے گولڈن اقامے کے حوالے سے جو ضوابط جاری کیے تھے ان پر ستمبر سے عمل درآمد ہو رہا ہے۔ ابتدا میں سات کیٹگریز میں شامل افراد کو گولڈن اقامہ دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔