اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور متنوع بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ٹیلی فونک گفتگو کی جس میں انہوں نے متحدہ عرب امارات کے 51ویں قومی دن پر مبارکباد پیش کی۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے خصوصی دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور متنوع بنانے کے لئے اپنے باہمی عزم کا اعادہ کیا۔
شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے بانی صدر شیخ زید بن سلطان النہیان کے دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کی بنیاد رکھنے میں کردار پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ شیخ زید بن سلطان النہیان پاکستان کا باقاعدہ دورہ کرتے تھے اور پاکستان میں سماجی شعبے میں مختلف فلاحی منصوبوں کی مالی معاونت بھی کرتے تھے، شیخ زید ہسپتال پاکستان کے لئے ان کی خدمات کی بہترین مثال ہے، ان کا نام ان کے فلاحی کاموں کے لئے یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعظم نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی حالیہ تباہی کے بعد پاکستان کی مالی اور امدادی اشیاء کی صورت میں امداد پر متحدہ عرب امارات کے صدر کا شکریہ بھی ادا کیا۔
متحدہ عرب امارات کے صدر نے وزیراعظم کی جانب سے مبارکباد کا خیرمقدم کیا اور پاکستانی عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے شیخ محمد بن زید النہیان نے قبول کر لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں پانچ دہائیوں سے قریبی برادرانہ تعلقات ہیں جو مشترکہ عقیدے، مشترکہ اقدار اور ثقافت سے مضبوطی سے جڑے ہوئے ہیں، متحدہ عرب امارات مشرق وسطیٰ میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور سرمایہ کاری کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔