اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے باہمی تعلقات ہر دور میں انتہائی قابل اعتبار اور مثالی رہے ہیں۔
وزیراعظم نے چائنا کنسٹرکشن تھرڈ انجینئرنگ بیورو کے وفد سے ملاقات کی، وفد کی سربراہی کمپنی کے وائس چیئرمین تان گو فو کررہے تھے، ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے باہمی تعلقات ہر دور میں انتہائی قابل اعتبار اور مثالی رہے ہیں
اس موقع پر میاں شہباز شریف نے چائنا کنسٹرکشن تھرڈ انجینئرنگ بیورو کے وفد کا خیر مقدم کیا اور اپنے گزشتہ دورۂ چین کے دوران کمپنی کے صدر سے ہونے والی ملاقات کا ذکر کیا۔
وزیر اعظم نے کمپنی کے وائس چیئرمین تان گو فو کی جانب سے پاکستان میں انفراسٹرکچر اور توانائی کے منصوبوں میں مزید سرمایہ کاری کے عزم کو سراہا، انہوں نے چائنا کنسٹرکشن تھرڈ انجنئیرنگ بیورو کو پاکستان میں قابل تجدید خصوصا شمسی توانائی کے منصوبہ جات میں بھرپور سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
وزیر اعظم نے سیلاب زدگان کی مدد کے لئے مختلف اشیاء عطیہ کرنے پر کمپنی کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں وزیر اعظم کے معاونین خصوصی طارق فاطمی، ظفرالدین محمود اور متعلقہ اعلی سرکاری حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی یو اے ای کے قومی دن پر مبارکباد
دوسری جانب وزیراعظم میاں شہبازشریف نے پاکستانی عوام کی جانب سے متحدہ عرب امارات کو قومی دن پر مبارک باد پیش کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ دن بانیوں کے متحرک ویژن کی یاد دہانی کرتا ہے، بانیوں نے اتحاد کے ذریعے ایک عظیم قوم کی بنیاد رکھی۔
وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا کہ یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کو قومی دن پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔