چینی سابق صدر جیانگ ژیمن 96برس کی عمر میں انتقال کر گئے

Published On 30 November,2022 05:02 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کے سابق صدر وکمیونسٹ پارٹی کے سیکرٹری جنرل جیانگ ژیمن 96برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔

چینی خبررساں ادارے کے مطابق حکمران کمیونسٹ پارٹی ، پارلیمنٹ، کابینہ اور فوج کی طرف سے چینی عوام کے نام ایک خط میں انتقال کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ کامریڈ جیانگ ژیمن انتقا ل کرگئے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ جیانگ ژیمن ایک شاندار لیڈر تھے،ان کی موت ہماری پارٹی ، فوج اور تمام نسلی گروہوں کے لوگوں کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔

واضح رہے کہ جیانگ ژیمن 1989 سے 2002 تک چینی کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سیکرٹری، 1989 سے 2004 تک سینٹرل ملٹری کمیشن کے چیئرمین اور 1993 سے 2003 تک ملک کے صدر رہے۔

اُدھر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کے سابق صدر ژیانگ ژی من کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انہوں نے لکھا کہ چینی سابق صدر ایک دانشمند رہنما اور مدبر تھے، انہیں پاکستان کے عظیم دوست کے طور پر یاد رکھا جائے گا جنہوں نے پاک ۔چین تعلقات کو مضبوط بنانے میں گرانقدر خدمات انجام دیں۔
 

 
Advertisement