اسلام آباد: ( دنیا نیوز ) وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین، سابق صدر آصف زرداری کی پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے سے بچانے کے لئے ملاقات جلد متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے سے بچانے کے لئے کوششیں تیز ہوگئی ہیں۔
اس حوالے سے ذرائع کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ دو بڑوں کی ملاقات میں پنجاب کی سیاست زیر بحث آئے گی، دونوں رہنماء عمران خان کی حکمت عملی ناکام بنانے کے لئے مختلف آپشنز پر غور کرینگے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں پنجاب میں گورنر راج اور وزیر اعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر بھی گفتگو ہو گی۔
پی ٹی آئی اور ق لیگ نے اتحادی ارکان پنجاب اسمبلی کو بیرون ملک جانے سے روک دیا
پنجاب کے سیاسی منظر نامہ پر تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کی قیادت کا اہم فیصلہ سامنے آگیا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کی قیادت نے اتحادی ارکان پنجاب اسمبلی کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا، پیدا شدہ سیاسی صورتحال پر مشاورت کے لئے ارکان کو ملک میں موجود رہنے کی ہدایت کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہدایت کی گئی کہ ارکان اسمبلی قیادت سے رابطے میں رہیں، تحریک انصاف نے اراکین کو جمعرات کو لاہور پہنچنے کی ہدایت کر دی۔
تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق جمعہ کو عمران خان کی صدارت میں پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں حاضری یقینی کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔