اسلام آباد: ( دنیا نیوز ) وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کی جانب سے 3 ارب ڈالر واپسی کی معیاد میں توسیع کا خیر مقدم کرتے ہوئے سعودی قیادت اور حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک کے پاس موجود ڈیپازٹ کا دورانیہ بڑھا دیا۔
مرکزی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک کے پاس 3 ارب ڈالر ڈیپازٹ کا دورانیہ بڑھا دیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ ڈیپازٹس کا دورانیہ بڑھانا سعودی عرب کا پاکستان کی معاونت کا تسلسل ہے، ڈیپازٹس سے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر بڑھیں گے، بیرونی ادائیگیوں کو توازن دینے اور پائیدار معاشی ترقی کا موقع دیں گے۔
سعودی ڈویلمپنٹ فنڈ کا کہنا ہے کہ فنڈکی مدت میں توسیع شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پرکی گئی جو پاکستان کی معیشت کو سہارا دینے کے لیے ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب کے وزیراعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا خاص طور پر شکریہ ادا کرتے ہیں، شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان سے محبت کی تہہ دل سے قدر کرتے ہیں، سعودی عرب نے ایک بار پھر بڑے بھائی کا کردار ادا کیا، پاکستان سے اپنی بے مثال محبت کا ثبوت دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کے اقدام سے پاکستان کی معاشی صورتحال بہتر بنانے میں مدد ملے گی، پاکستان کی معاشی خود انحصاری اولین قومی ایجنڈا ہے، سیاسی استحکام اور میثاق معیشت وقت کی ضرورت ہے۔