نیوزی لینڈ میں بارشوں سے تباہی ، 3 افراد ہلاک

Published On 28 January,2023 01:19 pm

آکلینڈ : (ویب ڈیسک ) نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں شدید بارشوں کے باعث مختلف واقعات میں 3 افراد ہلاک ہوگئے ۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیوزی لینڈ میں شدید بارشوں کے باعث ہنگامی صورتحال نافذ ہے ، مختلف واقعات میں 3 افراد ہلاک اور ایک لاپتہ ہو گیا ہے۔

نیوزی لینڈ کے محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں شدید بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، جہاں پر 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 249 ملی میٹر بارش ہوئی ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آکلینڈ میں طوفانی بارش سے سڑکیں تالاب بن گئیں اور ٹرانسپورٹ کا نظام بھی متاثر ہوا ہے ، ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل پروازیں اتوار تک کے لیے گراؤنڈ کردی گئی ہیں ۔

دوسری جانب سیلابی پانی میں گھرے افراد کی مدد کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

محکمہ موسمیات نے اگلے پانچ روز تک مزید بارشوں اور طوفانی ہواؤں کی پیش گوئی کرتے ہوئے عوام کو احتیاط برتنے اور بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔