یروشلم : یہودی عبادت گاہ پر حملہ، کم از کم 7 افراد ہلاک

Published On 28 January,2023 06:35 am

یروشلم : ( ویب ڈیسک ) مقبوضہ مشرقی یروشلم میں یہودی عبادت گاہ پر مسلح شخص کی فائرنگ سے کم از کم سات افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ یروشلم کے مشرقی حصے میں واقع نیوے یاکو نامی یہودی بستی میں ہولوکاسٹ کی یادگاری تقریب کے موقع پر پیش آیا جبکہ جوابی کارروائی کے دوران حملہ آور بھی ہلاک ہو گیا۔

رپورٹس کے مطابق حملہ آور ایک گاڑی میں سوار تھا جس نے عبادت گاہ کے باہر گاڑی روکی اور باہر نکلتے ہی فائرنگ شروع کردی جسکے نتیجے میں عبادت گاہ میں موجود سات افراد موقع پر ہی ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے۔

ایمرجنسی رسپانس ایجنسی کے مطابق حملے کے دوران کل 10 افراد گولیوں کا نشانہ بنے ہیں جن میں ایک 70 سالہ شخص اور 14 سالہ لڑکا بھی شامل ہے۔

خیال رہے کہ یہ حملہ مقبوضہ مغربی کنارے میں جینین پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی حملے کے ایک دن بعد ہوا ہے جب درجنوں اسرائیلی فوجیوں کے ایک گھر پر حملے کے بعد ایک بزرگ خاتون سمیت نو فلسطینی ہلاک ہو گئے تھے۔

یاد رہے کہ جمعرات کے روز یروشلم کے شمال میں واقع الرام قصبے میں اسرائیلی فوج نے ایک 22 سالہ فلسطینی شخص کو بھی گولی مار دی تھی۔