تل ابیب : ( ویب ڈیسک ) اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں ایک کار حملے میں ایک شخص ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سکیورٹی فورسز نے حملے میں ملوث مشتبہ شخص کو مبینہ طور پر بندوق نکالنے کی کوشش کے دوران گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
اسرائیل کی ریسکیو سروس کا کہنا ہے کہ حملے کے دوران ہلاک ہونے والا شخص اطالوی سیاح تھا۔
وزیر اعظم نیتن یاہو کا رد عمل
وزیر اعظم نیتن یاہو کے دفتر کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا کہ تل ابیب میں حملے کے بعد پولیس اور فوج کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
نیتن یاہو نے اسرائیلی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تمام ریزرو بارڈر پولیس یونٹس کو متحرک کرنے کا حکم جاری کیا ہے اور اسرائیلی فوج کو ایسے حملوں سے نمٹنے کے لیے اضافی فورسز کو متحرک کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اٹالین وزیر خارجہ کی تصدیق
دوسری جانب اٹلی کے وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک بیان میں تصدیق کی کہ اطالوی شہری جس کی شناخت الیسانڈرو پیرینی کے نام سے ہوئی، تل ابیب میں کار حملے میں مارا گیا، انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ حملے میں زخمی ہونے والوں میں دیگر اطالوی شہری بھی شامل ہو سکتے ہیں۔
Le autorità israeliane confermano la morte del cittadino italiano Alessandro Parini e riportano il possibile ferimento di altri connazionali nel vile attentato a #TelAviv. Esprimo ferma condanna contro il terrorismo e vicinanza alle famiglie. La Farnesina è al lavoro.
— Antonio Tajani (@Antonio_Tajani) April 7, 2023
امریکا کا اظہار یکجہتی
امریکا نے تل ابیب حملے کے بعد اسرائیل کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا کہ کسی بھی قومیت کے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا غیر ذمہ دارانہ ہے، امریکا اسرائیل کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
رواں سال کے دوران ہلاکتیں
رپورٹس کے مطابق رواں سال کے آغاز سے اب تک اسرائیلی آباد کاروں اور سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں 100 کے قریب فلسطینی شہید ہو چکے ہیں اور اسرائیل نے نابلس اور جینن جیسے فلسطینی شہروں کو نشانہ بنانے کے لیے چھاپے مارے ہیں۔
فلسطینی حکام نے اس ہفتے کے شروع میں بتایا تھا کہ سال کے آغاز سے اب تک 94 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ 2022 میں اسی عرصے کے دوران 30 اسرائیلی مارے گئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے مطابق 30 دسمبر 2022 سے 20 مارچ 2023 کے درمیان مغربی کنارے میں 86 فلسطینی شہید ہوئے جبکہ اسی عرصے کے دوران مقبوضہ مغربی کنارے میں 14 اسرائیلی ہلاک ہوئے۔