تیونس: (دنیا نیوز) تیونس میں تارکین وطن کی کشتیاں ڈوبنے کے نتیجے میں 23 افراد لاپتا ہوگئے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق تیونس کے ساحل پر گزشتہ دو دنوں میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے 2 واقعات پیش آئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کشتی ڈوبنے کا پہلا واقعہ جمعے کے روز پیش آیا، جہاں یورپ جانے کے لئے بحیرہ روم کو پار کرنے کی کوشش کرنیوالے تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی ، کشتی میں 37 افراد سوار تھے جن میں سے کوسٹ گارڈ نے 17 افراد کو بچا لیا جبکہ 20 افراد لاپتا ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :تیونس: تارکینِ وطن کی ایک اور کشتی ڈوب گئی ، 19افراد ہلاک
میڈیا رپورٹس کے مطابق دوسری کشتی ڈوبنے کے واقعے میں ساحل سے 4 نعشوں اور کشتی میں سوار 36 تارکین وطن کو ریسکیو کیا گیا جبکہ تین افراد تاحال لاپتا ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تیونس میں مارچ سے اب تک 7 کشتیوں کے ڈوبنے کے واقعات پیش آچکے ہیں ، جس میں 100 افراد ہلاک اور لاپتا ہیں ۔
اقوام متحدہ کے غیر سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، رواں سال اٹلی پہنچنے والوں میں سے 12ہزار افراد نے تیونس سے سفر کیا جبکہ 2022 کی اسی مدت میں یہ تعداد 1300 تھی۔