نئی دہلی : (ویب ڈیسک ) بھارتی ریاست کیرالا کے ضلع ملاپورم میں مسافر بردار کشتی الٹنے سے بچوں اور عورتوں سمیت 21 افراد ہلاک جبکہ کئی لاپتا ہیں ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کیرالا ضلع ملاپورم میں تانور کے کنارے کے قریب یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا جب شنکارا نامی کشتی نے خلاف قانون رات کے وقت مسافروں کے رش کو دیکھتے ہوئے گنجائش سے زیادہ افراد سوار کرکے سفر شروع کیا ۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کشتی میں 25 افراد کی گنجائش تھی لیکن 50 سے زائد افراد سوار کیے گئے ۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی ریسکیو کا عمل شروع کر دیا گیا تھا، تاہم اندھیرے کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کے باوجود بچوں اور عورتوں سمیت 21 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو کیے گئے افراد کو مقامی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، کشتی پر سوار مسافروں کی درست تعداد معلوم نہ ہونے کی وجہ سے لاپتہ افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔
کیرالا کی وزیر صحت نے واقعے کے بعد ریاستی محکمہ صحت کی ہنگامی میٹنگ بلائی اور عہدیداروں کو زخمیوں کے بہتر علاج کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
دوسری جانب بھارتی وزیراعظم نے واقعے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو دو،دو لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔